دیشا سالیان کی موت: آدتیہ ٹھاکرے کے کردار کی تحقیقات کا مطالبہ

تاثیر 20  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی ، 20 مارچ : اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ کام کرنے والی آنجہانی مشہور شخصیت مینیجر دیشا سالیان کی المناک موت کے پانچ سال بعد، ان کے والد ستیش سالیان نے بامبے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے ان کی موت کے حالات کی دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بیٹی کی موت بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جڑی ہوئی ہے اور ان دونوں معاملات میں شیو سینا (یو بی ٹی) لیڈر آدتیہ ٹھاکرے کے کردار کی سی بی آئی کے ذریعے جانچ ہونی چاہیے۔
ستیش سالیان نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ آدتیہ ٹھاکرے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور کیس کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے حوالے کی جائے۔ ان کے وکیل نیلیش اوزا کے ذریعے دائر کی گئی 230 صفحات پر مشتمل عرضی کو تاحال سماعت کے لیے فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اسے نمبر دیا گیا ہے۔
اس معاملے میں مہاراشٹر کے وزیر اور بی جے پی لیڈر نتیش رانے نے بھی آدتیہ ٹھاکرے کی گرفتاری اور ان سے پوچھ گچھ کا مطالبہ کیا ہے۔ رانے نے کہا کہ دیشا سالیان کی موت کے معاملے میں انصاف کے لیے آدتیہ ٹھاکرے سے سخت تفتیش ہونی چاہیے۔