روزہ ہمدردی، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے:مولاناسجاد ندوی

تاثیر 23  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ لٹریری فیسٹیول اور ہوٹل گولڈن پام کی جانب سےدعوت افطار کا اہتمام

پٹنہ، 23 مارچ ، پٹنہ لٹریری فیسٹیول (PLF) اور ہوٹل گولڈن پام کی جانب سے اتوار 23 مارچ کو ہوٹل گولڈن پام، وجئے نگر موڑ، رکن پورہ سائی کارپوریٹ پارک، بیلی روڈ، پٹنہ میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔جس میں مولانا سجاد ندوی، ڈاکٹرستیہ جیت سنگھ، ڈاکٹر روی شنکر سنگھ اورخورشید احمد کے علاوہ معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے 150 معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اس پر مسرت موقع پرپی ایل ایف کے سکریٹری خورشید احمد نے کہا کہ پی ایل ایف، پٹنہ لٹریری فیسٹیول ہر سال دعوت افطار کا اہتمام کرتا آرہا ہے جس کا مقصد پاک مہینے کو باہمی اخوت،محبت، اورخوشی کا احترام کرنا ہے اور یہ ماہ تمام غلطیوں کی معافی تلافی کا مہینہ ہے۔ جسے ہم ہر سال منعقد کرتے آرہے ہیں۔ جس میں پی ایل ایف کے صدر ڈاکٹرستیہ جیت سنگھ، ممبرعبید الرحمان، پنکج چودھری، شیو جی چترویدی، اپوروا ہرش، راکیش رنجن اور پی ایل ایف ایڈوائزر فیضان احمد موجود تھے۔


ہوٹل گولڈن پام کے ڈائریکٹر آنند جی اور پرکاش جی نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشی کی بات ہے کہ ہم پی ایل ایف کے ساتھ مل کر دعوت افطار کا اہتمام کر رہے ہیں اور آئیندہ سالوں میں بھی اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ہمارے نئے ریزورٹس ہائی وے جنکشن ریزورٹ (اے یونٹ آف کنیکٹ)، پینال، نیورا، بیہٹا میں بھی ہم لوگ اکتوبر میں پی ایل ایف کے ساتھ مل کر پروگرام کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ دعوت افطار میں کھانا بہت لذیذ تھا۔ مغلئی کھانوں کا خصوصی انتظام کیا گیا جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔اس موقع پرمولانا سجاد ندوی نے کہا کہ رمضان المبارک 12 مہینوں میں مقدس ترین مہینہ ہے۔اس مہینے میں جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔جہنم کے دروازے بند کر دیئے جاتے ہیں۔ اس مہینے میں جو مسلمان روزے رکھتا ہے یا قرآن پڑھتا ہے اور کوئی نیک کام اور نیک عمل کرتا ہے تو اس کے ثواب میں 70 گنا اضافہ ہوتا ہے۔ یہ مہینہ تربیت اور نظم و ضبط کا مہینہ ہے،انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں جھوٹ، دھوکہ دہی اور دیگر تمام برے کاموں سے بچنا خاص طور پر ضروری ہے۔روزہ صرف بھوکے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ روزے کے ساتھ ساتھ اپنی آنکھ، ناک، زبان، کان اور ہاتھ کو غلط کاموں سے بچانا بھی ضروری ہے۔تبھی روزہ فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روزہ لوگوں کے ساتھ ہمدردی، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہےاور روزہ انسانوں میں نظم و ضبط پیدا کرتا ہے۔

 

اس موقع پر عبیدرالرحمان نے کہا کہ رمضان رحمتوں، برکتوں اور بخششوں والا مہینہ ہے جس میں انسان اپنے آپ کو ضبط نفس، تقویٰ اور اللہ کی عبادت کے لیے وقف کرتا ہے۔ قرآن میں فرمایا گیاہے ۔ رمضان وہ مہینہ ہے جس میں قرآن نازل ہوا جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے۔ (سورۃ البقرہ2:185) روزہ صرف بھوک اور پیاس کو برداشت کرنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ خواہشات پر قابو پانے اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔ حدیث میں مذکور ہے: روزہ ڈھال ہے، جو انسان کو برائیوں سے بچاتا ہے۔ (صحیح بخاری) یہ مہینہ ہمیں صبر، شکر اور خیرات کا درس دے کر ہماری روح کو پاک کرتا ہے۔