فردوس مسجد کی جانب سے بھائی چارگی کے فروغ پر افطار پارٹی کا انعقاد

 

ہوڑہ 21/ مارچ (تاثیر بیورو) شمالی ہوڑہ کے گھسڑی میں واقع فردوس مسجد کے زیر اہتمام رمضان المبارک اور ہولی کے پرامن انعقاد کی خوشی میں آج ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب جناب بدرالدجی انصاری، جنرل سیکریٹری فردوس مسجد، کی جانب سے منعقد کی گئی، جس میں معزز مہمانوں سمیت مختلف برادریوں کے افراد نے شرکت کی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جناب حافظ فیاض رضا رضوی (ملک پور)، جناب آئی سی مالی پانچگھڑا، محترمہ ساوتری دیوی ساؤ (سابق کونسلر وارڈ نمبر 1)، مسٹر ونود کمار مشرا (وکیل، ہوڑہ کورٹ)، ڈاکٹر سی پی ورما و دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر شرکاء نے بھائی چارگی، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔ مزید برآں، امتیاز بھارتیہ صاحب نے بھائی چارگی کی علامت کے طور پر راہول سنگھ پپو بھائی کو گلاب کا پھول پیش کیا، جو اس تقریب کا ایک خوبصورت پہلو تھا۔
اس بامقصد تقریب کے کامیاب انعقاد میں جناب فیروز انصاری صاحب، جناب محمد علی جوہر صاحب، جناب محمد مسلم ماسٹر صاحب، محترمہ شمیمہ خان صاحبہ، محترمہ سرسوتی پنڈت صاحبہ سمیت دیگر افراد نے اہم کردار ادا کیا۔