کولکاتا کے دربار شریف قادریہ میں حضرت علی کے ذکر شہادت کی مجلس

تاثیر 23  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کلکتہ 23/ مارچ (تاثیر بیورو) کلکتہ کے 22 مفید الاسلام لین میں واقع دربار شریف قادریہ میں 21 مارچ 2025ء، جو کہ 21 رمضان المبارک کی شب سے مطابقت رکھتی تھی، مولائے کائنات امیر المومنین حضرت علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ الکریم کے ذکر شہادت کی مجلس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام حضرت علی کی 34 ویں پشت کے اولاد گرامی، حضرت مولانا سید شاہ ظلال مرشد القادری کی سرپرستی میں ترتیب دیا گیا، جو دربار شریف قادریہ کولکاتا کے سجادہ نشین اور خانقاہ شریف قادریہ مہریہ مدنی پور کے سابق استاد حدیث و تفسیر جامعہ عالیہ یونیورسٹی ہیں۔اس موقع پر پیرزادہ مولانا پروفیسر ڈاکٹر سید مصطفیٰ مرشد جمال شاہ القادری، جو مولانا آزاد کالج کولکاتا کے شعبہ عربی کے صدر ہیں، پیرزادہ سید مامون مرشد القادری اور دیگر علمائے کرام نے قرآن و حدیث کی روشنی میں حضرت علی کی شان میں روح پرور تقریریں کیں۔ مجلس کے اختتام سے قبل ایک دعوتِ افطار کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مغربی بنگال کے مختلف اضلاع سے کثیر تعداد میں مریدین و معتقدین نے شرکت کی۔ آخر میں پیر طریقت حضرت مولانا سید شاہ ظلال مرشد القادری کی خصوصی دعا کے ساتھ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔اسی طرح حضرت مولانا سید شاہ طلال مرشد القادری کے زیر ہدایت دیگر خانقاہوں، جن میں خانقاہ شریف قادریہ مہریہ مدنی پور، خانقاہ شریف قادریہ حسینیہ پیارڈ انگا (مغربی مدنی پور)، خانقاہ شریف قادریہ آرام باغ ہوگئی اور خانقاہ شریف قادریہ مرشدیہ کیش پور مدنی پور شامل ہیں، میں بھی حضرت علی کے ذکر شہادت اور افطار کی مجالس منعقد کی گئیں۔ ان پروگراموں میں عقیدت مندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔