خانقاہ سجادیہ ابوالعلائیہ، داناپور میں دعوت افطار کا اہتمام

تاثیر 20  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ: خانقاہ سجادیہ ابوالعلائیہ، شاہ ٹولی، داناپور میں حسبِ روایت 19 رمضان کو حضرت مولیٰ علی کا قل شریف اور پر تکلف دعوتِ افطار کا اہتمام کیا گیا، یہ تقریب اس سال 165ویں فاتحہ کی شکل میں منعقد ہوئی، جس میں شہر کے معززین سمیت مختلف مذاہب کے افراد نے بھی شرکت کی۔
خانقاہ کے سجادہ نشیں حضرت شاہ سیف اللہ ابوالعلائی کی جانب سے اس موقع پر ملک کی سلامتی، بھائی چارے اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی، افطار کے بعد خانقاہ میں نماز ادا کی گئی، اس کے بعد سماع خانہ میں قل انجام پایا، تقریب میں شریک مختلف برادریوں کے افراد نے خانقاہی روایت کو سراہتے ہوئے اسے اخوت اور رواداری کی علامت قرار دیا۔
خانقاہ سجادیہ ابوالعلائیہ ہر سال 19 رمضان کو اس تقریب کا انعقاد کرتی ہے، یہ فاتحہ اس خانقاہ کا قدیمی فاتحہ ہے، جس میں عقیدت مند بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔