بھارت ۔ماریشس کے درمیان شراکت داری کو ایڈوانسڈ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دینے پر اتفاق

تاثیر 12  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 12 مارچ:وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو پورٹ لوئس میں کہا کہ ہندوستان-ماریشس پارٹنرشپ کو ایڈوانس اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماریشس کے وزیر اعظم ڈاکٹر نوین چندر رام غلام کے ساتھ آج ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وزیر اعظم نوین چندر رام غلام اور میں نے ہندوستان-ماریشس شراکت داری کو ایڈوانسڈ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ ہندوستان ماریشس میں پارلیمنٹ کی ایک نئی عمارت کی تعمیر میں مدد کرے گا، جو ‘مدر آف ڈیموکریسی’ کی طرف سے ماریشس کو تحفہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ماریشس میں 100 کلومیٹر طویل پانی کی پائپ لائن کو جدید بنانے کے لیے ایک پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ منصوبوں کے دوسرے مرحلے میں 500 ملین ماریشس روپے کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ماریشس کے 500 سرکاری ملازمین اگلے پانچ سالوں میں ہندوستان میں تربیت حاصل کریں گے۔ ہم نے دو طرفہ تجارتی لین دین کو مقامی کرنسی میں طے کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔