بھارت اے آئی کی تحقیق کے لئے قومی سطح پروسیع زبانوں کا ماڈل قائم کرے گا : وزیر اعظم

تاثیر 05  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 5 مارچ: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ بھارت مصنوعی ذہانت ( اے آئی ) کی تحقیق کے لیے ایک قومی بڑی زبان کا ماڈل (ایل ایل ایم) قائم کرے گا۔ انہوں نے صنعتوں سے کہا کہ وہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ وزیر اعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق پوسٹ بجٹ ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا مرکزی بجٹ ایک مضبوط افرادی قوت اور بڑھتی ہوئی معیشت کی راہ ہموار کرتا ہے۔
مودی نے کہا کہ ملک کا مستقبل اختراع میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے طے ہوتا ہے۔ اے آئی بھارتی معیشت کو کئی لاکھ کروڑ روپے کی ترقی دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اے آئی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے ایک قومی بڑی زبان کا ماڈل بھی قائم کرے گا۔ اس سمت میں ہمارے نجی شعبے کو بھی دنیا سے ایک قدم آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایک قابل اعتماد، محفوظ اور جمہوری ملک کا انتظار کر رہی ہے جو اے آئی میں سستی حل فراہم کر سکے۔