تاثیر 22 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
کولکتہ، 22/ مارچ (محمد نعیم) آج کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے اٹھارویں سیزن کا شاندار آغاز ہوا۔ دفاعی چیمپئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان افتتاحی میچ سے قبل ایک شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں بالی ووڈ ستاروں دیشا پٹانی، شریا گھوشال اور عالمی شہرت یافتہ گلوکار کرن اوجلا نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو مسحور کر دیا۔ تاہم، کولکتہ میں بارش کے خطرے نے میچ کے انعقاد پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا، لیکن صبح دھوپ نکلنے سے شائقین نے راحت کی سانس لی ہے۔ آئی پی ایل 2025 کا پہلا میچ شام 7:30 بجے IST شروع ہوا، جہاں کے کے آر کے کپتان اجنکیا رہانے اور آر سی بی کے کپتان رجت پٹی دار اپنی ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں۔ اس سیزن میں کئی نئے کپتانوں کی شمولیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں جیسے کہ ایم ایس دھونی، ویرات کوہلی اور روہت شرما کی موجودگی نے شائقین کے جوش و خروش کو دوگنا کر دیا ہے۔ میچ کا براہِ راست نشریہ جیو ہاٹ اسٹار اور اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک پر دیکھا جا سکتا ہے۔دوسری جانب، آئی پی ایل 2025 کے شیڈول کے مطابق کوالیفائر 1 اور ایلیمینیٹر بالترتیب 20 اور 21 مئی کو حیدرآباد میں کھیلے جائیں گے، جبکہ کوالیفائر 2 اور فائنل 23 اور 25 مئی کو کولکتہ میں ہوں گے۔ شائقین اس سیزن میں نئے ریکارڈز اور سنسنی خیز مقابلوں کے منتظر ہیں، کیونکہ ٹیمیں اپنے نئے اسکواڈز کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔