جموں و کشمیر کے 2504.46 کروڑ روپے کے مالی واجبات لداخ یو ٹی کو منتقل

تاثیر 13  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 13 مارچ:جموں و کشمیر حکومت نے جمعرات کو قانون ساز اسمبلی کو آگاہ کیا کہ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے 2504.46 کروڑ روپے کے مالی واجبات لداخ یونین ٹیریٹری کو منتقل کیے جائیں گے۔ایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون کے سوال کے تحریری جواب میں وزیر خزانہ عمر عبداللہ نے بتایا کہ لداخ کو منتقل کیے جانے والے مالی واجبات کی کل رقم 2504.46 کروڑ روپے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوامی قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے اثاثوں اور واجبات کی تقسیم نوٹیفکیشن 30 اکتوبر 2020 کے مطابق کی جائے گی۔وزیر موصوف نے ایوان کو مزید بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے درمیان اثاثوں اور واجبات کی تقسیم سے متعلق زیادہ تر سفارشات پر عملدرآمد مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ معاملہ لداخ یونین ٹیریٹری اور وزارت داخلہ کے ساتھ اٹھایا گیا ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بعد، وزارت داخلہ نے اثاثوں اور واجبات کی تقسیم کے لیے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی تھی۔