میرٹھ کے سب سے بڑے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن بیگم پل پر بچھائی گئی میٹرو لائن

تاثیر 16  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

غازی آباد، 16 مارچ :شہر کا سب سے بڑا زیر زمین نمو بھارت اسٹیشن میرٹھ کے ایک بڑے کاروباری مرکز بیگم پل میں بنایا جا رہا ہے۔ اس اسٹیشن پر دونوں لائنوں (اوپر اور نیچے) کے لئے ٹریک بچھایا گیا ہے، جبکہ فنشنگ کا کام آخری مرحلے میں ہے اور تیزی سے کام جاری ہے۔ اس کے ساتھ فرش لگانے اور ماربل بچھانے سمیت دیگر کام بھی کئے جا رہے ہیں۔نیشنل کیپیٹل ریجن ٹرانسپورٹ کارپوریشن (این سی آر ٹی سی) کے ترجمان پونیت وتس نے کہا کہ بیگم پل میرٹھ کا واحد زیر زمین اسٹیشن ہے جہاں سے مسافروں کو نمو بھارت اور میرٹھ میٹرو کی سہولیات حاصل ہوں گی۔ اس اسٹیشن پر دو ٹریک بنائے گئے ہیں جہاں سے دونوں ٹرینیں جدید ترین سگنلنگ سسٹم کی مدد سے گزریں گی۔ ملک میں یہ پہلا موقع ہوگا جب نیم تیز رفتار نمو بھارت اور میٹرو ایک ہی ٹریک پر چلتی نظر آئیں گی۔ اسٹیشن پر ٹیکنیکل رومز بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ فرشنگ اور دیگر فنشنگ کا کام تیز رفتاری سے کیا جا رہا ہے۔ ایئر کنڈیشن کے لیے اے سی ڈکٹس بھی لگائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ پلیٹ فارم سکرین ڈورز (پی ایس ڈی) کی تنصیب کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔