تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 11 مارچ :وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے منگل کو اسمبلی میںکہا کہ مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کی بلند آواز کو کنٹرول کرنے کی مکمل ذمہ داری مقامی پولیس کی ہے اور جو بھی قواعد کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر کسی علاقے میں اس حوالے سے شکایت موصول ہوتی ہے تو متعلقہ پولیس اسٹیشن کے افسران کو اس کا جواب دہ ٹھہرایا جائے گا۔
اسمبلی میں بی جے پی ایم ایل اے دیویانی فراندے نے مذہبی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اس سے پیدا ہونے والے شور کی وجہ سے عوامی سکون میں خلل کے مسئلے کو اٹھایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اس معاملے میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اسی دوران بی جے پی ایم ایل اے اتل بھاتکھلکر نے کہا کہ ان کے علاقے میں صبح کے وقت مذہبی مقامات سے بلند آواز میں لاؤڈ اسپیکر بجائے جاتے ہیں، جس سے شہریوں کی نیند متاثر ہوتی ہے۔ جب اس بارے میں مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی جاتی ہے تو معاملہ محض آلودگی کنٹرول بورڈ تک پہنچا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس سلسلے میںمؤثر اقدامات کرے۔