تاثیر 16 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سنگرولی، 16 مارچ:مدھیہ پردیش کے سنگرولی ضلع میں اتوار کی صبح ایک بڑا ٹرین حادثہ ٹل گیا۔ یہاں سنگرولی اور جبل پور کے درمیان ٹریک پر دوڑتی انٹرسٹی ٹرین دو حصوں میں بٹ گئی۔ بوگی الگ ہونے کے بعد ٹرین تقریباً ایک کلومیٹر دور چلی گئی۔ غنیمت رہی کہ ٹرین کی رفتار زیادہ نہیں تھی۔ سست رفتاری کے باعث ٹرین کا بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس واقعہ کی وجہ سے ٹرین میں سفر کرنے والے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ٹرین کے رکنے کے بعد لوگ گاڑی سے نیچے اتر گئے۔ تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام اور ملازمین موقع پر پہنچ گئے اور راحت اور بچاو کام شروع کیا۔ فی الحال ریلوے کی ایک ٹیم نے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ یہ پورا واقعہ بیوہاری اسٹیشن سے پہلے پیش آیا۔