شمال مشرق کے ایک بھی نوجوان کو روزگار کے لیے ملک کے دوسرے حصوں میں نہیں جانا پڑے گا: امت شاہ

تاثیر 11  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 11 مارچ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے زیر اہتمام شمال مشرقی طلبہ اور نوجوان پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال کے اندر شمال مشرق کے ایک بھی نوجوان کو روزگار کے لیے ملک کے دوسرے حصوں میں نہیں جانا پڑے گا۔ انہیں نارتھ ایسٹ میں ہی روزگار کے مواقع ملیں گے۔
اپنے خطاب میں وزیر داخلہ امت شاہ نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کی شراکت کی اہمیت پر زور دیا اور شمال مشرق کے طلباء￿ کو 2047 تک ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیمی اقدامات کو فروغ دینے اور شمال مشرق کے نوجوانوں میں برادری کے احساس کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ریاست میں ترقی نہیں ہو سکتی جہاں امن نہ ہو اور مودی حکومت نے شمال مشرق میں امن قائم کرنے کا کام کیا ہے۔ بی جے پی حکومت کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے شمال مشرقی اور باقی ہندوستان کے درمیان فاصلے کو کم کیا ہے۔ سال 2027 تک شمال مشرق کا ہر دارالحکومت ٹرین، ہوائی اور سڑک کے ذریعے منسلک ہو جائے گا۔