تاثیر 22 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) اپنے طرز زندگی کو بدل کر اور مناسب خوراک اور صحت مند عادات کو اپنا کر ہم بصارت کی خرابی کے مسئلے سے خود کو بچا سکتے ہیں ۔ یہ باتیں آج گوپال نارائن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مہندر کمار سنگھ نے نارائن پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور الائیڈ سائنسز کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار میں کہیں ۔ انہوں نے ہر ایک سے اپیل کی کہ ہمارے جسم کے تمام حسی اعضاء میں آنکھیں سب سے اہم ہیں اسلئے ان کی مناسب دیکھ بھال ہماری ترجیح ہونی چاہئے۔ مذکورہ سیمینار میں مقررین نے آنکھوں کی بیماریوں سے بچاؤ، درست تشخیص، علاج اور بحالی کی نئی تکنیکوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ کلیدی اسپیکر NTPC پتراتو ہسپتال کے محمد صدام حسین نے کم بینائی پر اپنی پریزنٹیشن دی، انہوں نے بتایا کہ ہم کم بینائی کی نشاندہی کیسے کر سکتے ہیں اور اس کے علاج اور بحالی کیلئے کیا کیا جا سکتا ہے ۔ ڈاکٹر اونیش رنجن، ڈائریکٹر نارائن پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اینڈ الائیڈ سائنسز نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام کی توجہ آنکھوں کی مناسب دیکھ بھال اور اس شعبے میں کام کرنے والے ماہرین کی خدمات کی طرف مبذول کرانا ہے تاکہ لوگ صحیح تشخیص اور علاج کے بارے میں معلومات نہ ہونے کی وجہ سے اپنی بینائی سے محروم نہ ہوں، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہسپتال میں بھی جدید آلات سے آراستہ امراض چشم کا شعبہ قائم ہے جہاں پر جدید تشخیص و علاج کے تمام ماہرین کام کر رہے ہیں اور روزانہ سینکڑوں افراد اس شعبہ سے مستفید ہو رہے ہیں، اس موقع پر یونیورسٹی کے پبلک ریلیشن آفیسر بھوپیندر نارائن سنگھ نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء سے اپیل کی اور کہا کہ آپ سبھی ہیلتھ کیئر ورکرز ہیں، اسلئے آپ سب کو چاہئے کہ وہ آنکھوں کی دیکھ بھال کیلئے لوگوں کے ساتھ معلومات شیئر کریں اور خود بھی اس سے بچیں اور دوسروں کو بھی بچانے کا عہد کریں، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 15 سالوں سے ہماری تنظیم مسلسل دیہی سطح پر آنکھوں کی صحت کیلئے کیمپ لگا رہی ہے اور عوام میں آگاہی پھیلا رہی ہے اور آنکھوں کا معائنہ کرنے کے بعد مناسب مشورے بھی دے رہی ہے ۔ سیمینار میں کئی ڈاکٹرز، نارائن پیرا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اینڈ الائیڈ سائنسز کے آپٹومیٹری ڈیپارٹمنٹ کے وویک یادو، تمام اساتذہ اور طلباء موجود تھے ۔ پروگرام کے آغاز سے قبل ادارے کے طلباء نے ایک آگاہی ریلی نکالی اور آنکھوں کی دیکھ بھال اور دیگر متعلقہ موضوعات پر پوسٹرز بھی پیش کئے، طلباء کو پوسٹر پیش کرنے پر انعامات دئے گئے ۔ پروگرام کے اختتام پر وویک سنہا ہیڈ آف آپٹومیٹری ڈیپارٹمنٹ نے شکریہ ادا کیا ۔