منگل کوٹ میں منگل چنڈی پوجا کے دوران پولیس کی جانب سے پانی کا انتظام

تاثیر 16  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

بردوان 16/ مارچ (تاثیر بیورو) ہندو شاستروں کے مطابق مغربی بنگال کے مشہور ضلع پوربی بردوان کا منگل کوٹ ایک مشہور مذہبی مقام ہے۔ جہاں گزشتہ روز جمعہ اور ہفتہ کے روز منگل کوٹ کے اجے ندی کے کنارے واقع پرانا ہاٹ میں دو روزہ منگل چنڈی پوجا کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر نہ صرف منگل کوٹ بلکہ آس پاس کے علاقوں جیسے کیتوگرام، آوشگرام، کٹوا، بھاٹار، مونٹیشور اور نانور (ضلع بیربھوم) سے بھی ہزاروں عقیدت مند پوجا کے لیے آئے۔
چالیس ہزار سے زائد عقیدت مندوں کی بھیڑ میں بہت سے لوگ پیاس کی شدت سے پریشان تھے۔ ایسے وقت میں مقامی منگل کوٹ تھانے کی پولیس نے پیاسوں کے لیے شربت اور ٹھنڈے پانی کا خصوصی انتظام کیا، جس سے ہزاروں افراد کو راحت ملی۔
تقریب کے کامیاب انعقاد میں مقامی ایم ایل اے شری اپورب چودھری، منگل کوٹ تھانے کے انچارج مدھو سدن گھوش، نائب پردھان رحیم ملک اور دیگر اہم شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریباً 300 سال پرانی اس منگل چنڈی پوجا کا پورے جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔