قومی ترانے کی توہین پر بہار اسمبلی میں ہنگامہ، دھرنے پر بیٹھی رابڑی دیوی، نتیش کمار پر تیجسوی برہم

تاثیر 21  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پٹنہ،21مارچ:بہار میں الیکشن کا سال ہے اور اس سے پہلے سیاست اپنے عروج پر ہے۔ جمعہ کے روز جیسے ہی بہار قانون ساز اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی اپوزیشن نے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کردیا۔ وزیر اعلیٰ کی جانب سے قومی ترانے کی مبینہ توہین پر ہنگامہ ہے۔ اپوزیشن ارکان وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے تھے۔
قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے ایوان میں کہا کہ ہم ذاتی طور پر وزیر اعلیٰ کا مکمل احترام کرتے ہیں لیکن جب کوئی قومی ترانے کی توہین کرے گا تو ہندوستان اسے کسی قیمت پر برداشت نہیں کرے گا۔ا سپیکر نے کہا کہ اس معاملے پر وقت صفر میں بات کریں۔ اس کے بعد تیجسوی نے اپنے خیالات پیش کرنے کے لیے وقت مانگا، لیکن اسپیکر نے انہیں وقت دینے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد اپوزیشن پارٹی کے ارکان نے ایوان کے اندر ہنگامہ شروع کر دیا۔