تاثیر 23 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ 23 مارچ — آج ورلڈ آرگنائزیشن آف ریلیجنس اینڈ نالج کی جانب سے پٹنہ مسلم ہائی اسکول میں ایک خصوصی افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب کے معزز افراد کے علاوہ عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔افطار کے فوراً بعد “رمضان، حق اور باطل میں فرق کا مہینہ” کے موضوع پر ایک گفتگو منعقد ہوئی، جس میں بہار کے سربراہ جناب اشتیاق احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے سورۃ البقرہ کی آیت 183 کے حوالے سے روزے کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ روزہ مختلف مذاہب میں موجود ہے، لیکن ان میں سے بہت سے مذاہب میں اس کی روح ختم ہو چکی ہے۔ اسلام میں روزہ اب بھی فرض ہے، مگر افسوس کہ آج مسلمانوں میں یہ صرف ایک ظاہری عمل بن کر رہ گیا ہے۔ اس کی اصل روح تقویٰ اور خود احتسابی ہے، جو اکثر نظر انداز کی جاتی ہے۔اشتیاق احمد نے مزید کہا کہ رمضان کی اصل عظمت قرآن سے ہے، کیونکہ اسی مہینے میں قرآن کا نزول ہوا، جو تمام بنی نوع انسان کے لیے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ قرآن صرف ہدایت ہی نہیں دیتا، بلکہ حق و باطل میں فرق کی روشن دلیل بھی پیش کرتا ہے، جیسا کہ سورۃ البقرہ کی آیت 185 میں بیان ہوا ہے۔ آج بھی اگر یہ ہدایت نامہ لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے تو عالمِ اسلام کا بول بالا ہو سکتا ہے۔اس افطار پارٹی کے انعقاد میں اسکول کے پرنسپل منظر یوسف کا نمایاں کردار رہا۔ پورے پروگرام کو منظم طریقے سے انجام دینے میں اعجاز حسین، اقبال حسن، آصف ہما، محمد قاسم، عمر فاروق، آصف سلطان، محمود عالم، غیاث سرور ، عائشہ احمد، اور کہکشاں کے علاوہ دیگر کارکنان نے بھی اہم کردار ادا کیا۔پروگرام میں مسلمانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں برادرانِ وطن نے بھی شرکت کی، جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا خوبصورت منظر سامنے آیا۔