تاثیر 11 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
پٹنہ،11مارچ:بہار اسمبلی کی کارروائی آٹھویں دن بھی ہنگامہ خیز رہی۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی گئی۔ بہار اسمبلی کے باہر آر جے ڈی ایم ایل اے نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے، ریزرویشن چور قرار دیا اور استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔ ریزرویشن کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا۔یہاں حکمراں پارٹی نے وزیر تعلیم سنیل کمار سے بھی سوالات پوچھے۔ وقفہ سوالات کے دوران بی جے پی ایم ایل اے امریندر پرتاپ سنگھ نے بہار کی اکیڈمیوں کا مسئلہ اٹھایا۔ اس پر وزیر تعلیم سنیل کمار نے کہا کہ اکیڈمی میں بہت سی خامیاں ہیں اور وہ اسے قبول کرتے ہیں۔ ہم آئندہ مالی سال میں اس میں بہت بہتری لائیں گے۔ اس کے لیے ہم نے میٹنگ بھی کی ہے۔بی جے پی ایم ایل اے نے کہا کہ مرکز سے گرانٹ مل رہی ہے، لیکن وہ بھی خرچ نہیں کر پارہے ہیں۔ ہندی گرنتھ اکیڈمی کو مالی سال میں 15 لاکھ روپے کی گرانٹ ملی ہے، لیکن ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہم اسٹاف کی کمی پر قابو پانے اور اکیڈمیوں میں یکسانیت لانے کے لیے کام کریں گے اور آنے والے وقت میں اس میں بہت بہتری دیکھنے کو ملے گی۔