تاثیر 18 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) شہر کے تکیہ محلہ میں آج کی گزری شب پنچایتی کے دوران دو فریقوں میں جھگڑا اس حد تک بڑھ گیا کہ گولیاں بھی چل گئیں، واقعہ کے بعد صدر کے ڈی ایس پی دلیپ کمار بھی وہاں پہنچ گئے اور ایس روشن کمار بھی پستول لے کر مجرموں کے پیچھے بھاگتے نظر آئے ۔ واضح ہو کہ تکیہ شہر پرانی پٹی کے رہائشی بنارسی چودھری کی زمین کی خرید و فروخت کو لیکر شہر کے لینڈ مافیا اور کچھ مقامی لوگوں کے درمیان پہلے ہی تنازعہ چل رہا تھا جس کے حل کیلئے تکیہ علاقہ کے ہی ایک گھر میں پنچایتی بلائی گئی جس دوران دونوں فریقین میں جھگڑا ہوا اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا مگر کسی کی زخمی ہونے کی خبر نہیں ہے ۔ بنارسی چودھری کے گھر کے قریب پولس نے کارروائی کرتے ہوئے 15 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور کئی فرار بھی ہو گئے ہیں ۔ پولس نے شہر کے ایک ہوٹل پر بھی چھاپہ مارا ہے ۔ روہتاس ایس پی روشن کمار نے بتایا کہ پولس نے جائے وقوعہ سے کئی ہتھیار بھی برآمد کئے ہیں ۔ چھاپے اور معاملے کی تفتیش ہر زاوئے سے کی جارہی ہے دیگر گرفتاریاں بھی ممکن ہیں ۔ پولس نے سہسرام میونسپل کارپوریشن کی ڈپٹی میئر ستونتی دیوی کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا ہے جس کو لیکر ستونتی دیوی نے پولس پر کئی سنگین الزامات بھی لگائے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ پولس میری رہائش گاہ سے تقریباً 20 لاکھ روپئے اور زمین کے کچھ کاغذات لے گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پولس انتظامیہ وجوہات بیان سمجھے بغیر سماجی خدمتگار میونسپل کارپوریشن کے ڈپٹی میئر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار سکتی ہے تو پھر عام عوام کے ساتھ اسکا کیسا سلوک ہوتا ہوگا جو نازیبا ہے، حالانکہ ستونتی دیوی نے اپنے شوہر چندر شیکھر مہتو اور زمین ڈیلر بنارسی چودھری کے ساتھ تنازعہ کا اعتراف بھی کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ زمین کا مسئلہ بات چیت سے حل کیا جا رہا تھا لیکن کچھ دیگر لوگوں نے لڑائی شروع کر دی اور گولیاں چلا دی، ستونتی دیوی نے یہ بھی بتایا ہے کہ جب وہ جھگڑے کے بارے میں پوچھنے گئیں تو مخالفین انکے گھر پہنچے دروازہ توڑ دیا اور قیمتی سامان لوٹے ہیں جسمیں زمین کی خرید و فروخت کے 20 لاکھ روپئے، چیک اور زیورات بھی غائب ہوئے ہیں، جب وہ گھر واپس آئیں تو دیگر سامان بکھرا پڑا تھا، پولس ستونتی دیوی کے الزامات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے ۔