ریت اور مٹی مافیا نے وردی پوش افراد کو نشانہ بنایا

تاثیر 13  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 13 مارچ : مغربی بنگال کے دو اضلاع میں پولیس پر حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ریت اور مٹی کی غیر قانونی اسمگلنگ روکنے کے لیے جانے والی پولیس ٹیموں کو حملہ آوروں نے بے دردی سے مارا۔ بانکوڑہ ضلع کے سونمکھی میں ایک واقعہ پیش آیا، جہاں ریت کے اسمگلروں نے پولیس کیمپ میں گھس کر حملہ کردیا۔ دوسرا واقعہ مرشد آباد کے علاقے رانی تلہ میں پیش آیا جہاں مٹی مافیا نے پولیس اہلکاروں پر پتھروں اور تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
بدھ کی رات بانکوڑہ ضلع کے سونمکھی تھانہ علاقے میں پولیس پر حملہ ہوا۔ پولیس کے مطابق شمالی بیسیا کے علاقے میں دریا کے کناروں سے ریت کی غیر قانونی اسمگلنگ کافی عرصے سے جاری تھی۔ جس کو روکنے کے لیے پولیس نے کیمپ لگا رکھا تھا۔ پولیس اور شہری رضاکاروں نے سمگلروں کو روکنے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے پولیس کیمپ پر حملہ کر دیا۔