تاثیر 18 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ناگپور/ممبئی، 18 مارچ: ناگپور کے محل علاقے میں شدید جھڑپوں کے کئی گھنٹے بعد شہر میں حالات بتدریج معمول پر آ رہے ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ مخصوص علاقوں میں امتناعی احکامات نافذ ہیں۔
پولیس نے رات گئے کومبنگ آپریشن (تلاشی مہم) کے دوران 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے، جن کے ذریعے کشیدگی کو ہوا دی گئی تھی۔
ناگپور سٹی پولیس کمشنر ڈاکٹر رویندر کمار سنگھل نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس ایس) کی دفعہ 163 (1) (2) (3) کے تحت متاثرہ علاقوں میں ‘سنچار بندی’ (کرفیو) نافذ کرنے کا حکم دیا ہے، جو حالات مکمل طور پر معمول پر آنے تک برقرار رہے گا۔ ان علاقوں میں کوتوالی، گنیش پیٹھ، تحصیل، لکڑ گنج، پچ پاؤلی، شانتی نگر، سکردرہ، نندن وان، امام واڑہ، یشودھرا نگر اور کپل نگر پولیس اسٹیشنز کے حدود شامل ہیں۔