خودمختاری، سیکولرازم اور تکثیریت ہندوستانی جمہوریت کے اہم ستون ہیں: ممتا بنرجی

تاثیر 12  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتہ، 12 مارچ:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو اسمبلی میں کہا کہ خودمختاری، سیکولرازم اور تکثیریت ہندوستانی جمہوریت کے اہم ستون ہیں اور ملک کے ہر فرد کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے کوئی شخص ہندو ہو، سکھ ہو، بدھ مت ہو، مسلمان ہو، عیسائی ہو یا پارسی ہو، ہر کسی کو اپنے مذہب پر چلنے کا حق ہے۔ بطور وزیر اعلیٰ میری ذمہ داری ہے کہ میں سب کا خیال رکھوں۔ ہم سب کا خیال رکھتے ہیں۔جب وہ یہ کہہ رہی تھیں، اپوزیشن بی جے پی ایم ایل اے نے حکومت مخالف نعرے لگائے۔ اس پر ممتا بنرجی نے بی جے پی لیڈروں سے اپیل کی کہ وہ ’ہندو کارڈ‘ نہ کھیلیں، کیونکہ مغربی بنگال میں ہر تہوار پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کا امپورٹڈ ہندو ازم ہمارے قدیم ویدوں یا سنتوں میں کہیں نہیں ملتا۔ بی جے پی جعلی ہندوتوا لا رہی ہے۔ان کے بیان کے بعد اسمبلی میں حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان گرما گرم بحث دیکھنے میں آئی۔