تاثیر 28 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی،28مارچ:میانمار، تھائی لینڈ اور بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک میں جمعہ کو تیز زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ یہ زلزلہ اتنا تیز تھا کہ تھائی لینڈ کی راجدھانی بنکاک میں بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ زلزلہ کی شدت ریکٹر پیمانے پر 7.7بتائی گئی ہے۔زلزلہ کا مرکز میانمار کا سگائنگ رہا۔ زلزلہ کے جھٹکے کی وجہ سے میانمار کے مانڈلے میں اراوڈی ندی پر مبینہ طور پر مشہور ایوا برج زمیں بوس ہوگیا۔ کہا جارہا ہے کہ چین اور تائیوان کے کچھ حصوں میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ خبر ہے کہ بنکاک میں زیر تعمیر امارت منہدم ہوگئی ہے اس میں کئی لوگوں کے ملبے میں پھنسے ہونے کی امید ہے۔ میانمار کے مانڈلے شہر میں زلزلہ سے سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ یہاں شہر کے کئی مندر اور بودھ کے مقامات ٹوٹ گئے ہیں۔ لوگ خوف وہراس سے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر آگئے ہیں اور خوف کی وجہ سے بھگدڑ جیسی نوبت آگئی ہے۔