مسجد عائشہ میں تراویح مکمل، ہندو برادری کا والہانہ استقبال

تاثیر 12  مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 12/ مارچ (شبانہ) رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک شاندار مثال اس وقت دیکھنے کو ملی جب پکنک گارڈن، بڑتلہ کی مسجد عائشہ میں تراویح مکمل ہونے پر ہندو برادری کے افراد نے مسجد کے امام اور نمازیوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
دس رمضان کی مقدس شب کو ہندو بھائیوں اور بہنوں نے پھولوں اور چادروں کے ذریعے محبت و یگانگت کا اظہار کیا، جو کولکاتہ سمیت پورے ملک میں اخوت اور یکجہتی کا پیغام دے رہا ہے۔
اس موقع پر ترنمول کانگریس کے رہنما اور وارڈ نمبر 66 کے اقلیتی سیل کے صدر محمد عرفان سمیت دیگر معزز شخصیات اشوک ہوڑ، بولا دی، فردوس، تاپوسی، منورما، پانچو دا اور باپی دا بھی موجود تھے۔
یہ خوبصورت لمحہ نہ صرف ہندو مسلم اتحاد کی ایک بہترین مثال تھا بلکہ اس نے سماج میں محبت، امن اور بھائی چارے کے جذبات کو مزید مضبوط کیا۔