تاثیر 12 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ریاض،12مارچ:سعودی کابینہ نے امریکہ اور یوکرین کے حکام کے درمیان جدہ میں ہونے والے مذاکرات کا خیرمقدم کیا ہے، جس کی میزبانی سعودی عرب نے کی۔ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا ہفتہ وار اجلاس منگل کو جدہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں منعقد ہوا ہے۔اجلاس میں مقامی اور عالمی سطح پر مختلف موضوعات زیربحث آئے۔ امریکہ اور یوکرین مذاکرات کیلیے مملکت کی میزبانی کے فیصلے کو سراہا گیا جو مسئلے کے حل کیلیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔اجلاس کے آغاز میں ارکین کابینہ کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اریٹیریا کے صدر کی جانب سے موصول ہونے والے مکتوب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ولی عہد سے یوکرینی صدر اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس میں یوکرین کے مسئلے کے حل اور مستقل بنیادوں پر قیام امن کے لیے مملکت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔