تاثیر 05 مارچ ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی،بالی ووڈ کے معروف فلمساز وپل امرت لال شاہ کی کئی یادگار فلموں میں سے ‘ نمستے لندن’ کا شمار آج بھی شائقین کی پسندیدہ رومانوی فلموں میں ہوتا ہے۔ اس فلم میں اکشے کمار اور کترینہ کیف کی جوڑی نے شاندار اداکاری کی۔ رشی کپور، نینا واڈیا، جاوید شیخ، اوپین پٹیل اور کلائیو اسٹینڈن جیسے تجربہ کار اداکاروں نے بھی اپنے کرداروں میں جان ڈالی۔ 2007 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے نہ صرف شائقین کا دل جیت لیا بلکہ باکس آفس پر بھی اچھا بزنس کیا، اب یہ فلم 14 مارچ کو دوبارہ بڑے پردے پر آئے گی۔
‘نمستے لندن’ صرف ایک محبت کی کہانی نہیں تھی بلکہ اس میں ہندوستانی ثقافت اور مغربی تہذیب کے درمیان ٹکراؤ کو خوبصورتی سے دکھایا گیا تھا۔ اکشے کمار کا حب الوطنی پر مبنی ایکولوگ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں نقش ہے۔ یہ فلم صرف ایک تفریحی تجربہ ہی نہیں تھی بلکہ ایک اہم پیغام بھی دیتی ہے۔ یہ فلم باکس آفس پر زبردست تجارتی ہٹ ثابت ہوئی اور اب بھی اسے ہندی سنیما کی بہترین رومانوی فلموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس ہولی میں ‘ نمستے لندن’ کے رنگوں میں رنگنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ وپل امرت لال شاہ کی یہ مشہور فلم 14 مارچ کو ایک بار پھر بڑے پردے پر واپس آرہی ہے۔