کٹرا سے نئی دہلی کے لیے خصوصی ٹرین روانہ ہو گی

تاثیر 24  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 24 اپریل:پہلگام میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد جموں و کشمیر میں پھنسے سیاحوں کی واپسی کے لیے ریلوے انتظامیہ سرگرم ہو گئی ہے۔ اسی سلسلے میں ایک اور خصوصی ان ریزروڈ ٹرین جمعرات کو دوپہر 1 بج کر 30 منٹ پر شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا ریلوے اسٹیشن سے نئی دہلی کے لیے روانہ ہوگی۔ اس بات کی تصدیق شمالی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنز آفیسر ہمانشو اوپادھیائے نے کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ خصوصی ٹرین پہلے صبح 10:50 بجے روانہ ہونے والی تھی، تاہم مقامی حکام سے مشاورت کے بعد اس کے وقت میں تبدیلی کی گئی۔
ٹرین اپنے مقررہ روٹ پر ادھمپور، جموں، پٹھانکوٹ، جالندھر، امبالہ، کرکشیتر اور پانی پت جیسے اہم اسٹیشنوں پر رکے گی اور نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر اپنی منزل پر پہنچے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بدھ کے روز بھی ایک خصوصی ان ریزروڈ ٹرین کٹرا سے دہلی روانہ کی گئی تھی تاکہ ان سیاحوں کو واپس بھیجا جا سکے جو پاہلگام حملے کے بعد اپنا سفر مختصر کرنے پر مجبور ہوئے۔