تاثیر 8 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
الور، 8 اپریل:کانگریس نے منگل کو رام گڑھ کے سابق ایم ایل اے اور بی جے پی لیڈر گیان دیو آہوجا کے اپوزیشن لیڈر تکارام جولی پر کئے گئے متنازعہ ریمارکس کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ یہ احتجاج امبیڈکر سرکل میں منعقد ہوا، جہاں کانگریس کارکنوں نے آہوجا کا پتلا جلایا اور بی جے پی پر شدید حملہ کیا۔
احتجاج کے دوران کانگریس قائدین نے ان ریمارکس کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اب تک آہوجا کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی ہے جو کہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے آہوجا سے عوامی معافی کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے ضلع صدر یوگیش مشرا نے کہا کہ اس طرح کے تبصرے ایک ذمہ دار لیڈر کو زیب نہیں دیتے۔ اس موقع پر یوتھ کانگریس کے قومی سکریٹری دین بندھو شرما، ایم ایل اے منگل لال مینا، رام گڑھ سے کانگریس کے امیدوار آرین زبیر خان، راکیش بیروا، وشرام گجر، یوگیش مہتا، سنجیو بارتھ، راجیش کرشنا سدھ، کونسلر پریتم سنگھ مہندرتا اور دیگر کئی رہنما اور کارکنان موجود تھے۔
احتجاج کے دوران کانگریس کارکنان سڑک پر بیٹھ گئے جس سے امبیڈکر سرکل کے دونوں اطراف کی ٹریفک متاثر ہوئی۔ موقع پر موجود پولیس نے گاڑیوں کو متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا۔ کچھ دیر بعد مظاہرین کے ہٹنے کے بعد ٹریفک معمول پر آگئی۔