بین الاقوامی سفری نمائش “ویکسینز، “امید کا انجکشن” کا سائنس سٹی کولکتہ میں افتتاح

تاثیر 15  اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکتہ، 15 اپریل (تاثیر بیورو) بین الاقوامی سطح پر شہرت یافتہ سفری نمائش “ویکسینز: امید کا انجکشن” کا آج سائنس سٹی، کولکتہ میں افتتاح کیا گیا۔ اس نمائش کا انعقاد نیشنل کونسل آف سائنس میوزیم (NCSM)، بھارت اور سائنس میوزیم گروپ، لندن کے اشتراک سے کیا گیا ہے تاکہ ویکسین کی تیاری کے عالمی سفر کو عوام کے سامنے پیش کیا جا سکے، خاص طور پر اس رفتار کے ساتھ جس سے کووڈ 19 کے دوران ویکسینز تیار کی گئیں۔
یہ نمائش 15 نومبر 2022 سے شروع ہوئی تھی اور اب تک دہلی، ناگپور، ممبئی اور بنگلور کا سفر کر چکی ہے۔ 15 اپریل 2025 سے یہ سائنس سٹی کولکتہ میں پیش کی جا رہی ہے اور 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ اندازہ ہے کہ کولکتہ میں اس نمائش کو 20 لاکھ سے زائد افراد دیکھیں گے۔
نمائش کا افتتاح پدم شری ایوارڈ یافتہ اور سابق ڈائریکٹر جنرل، انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (ICMR)، پروفیسر ڈاکٹر بلرام بھارگوا نے کیا۔ اس موقع پر دیگر معزز شخصیات میں شامل تھے، ان میں پروفیسر پرتھا پی. مجمدار، نیشنل سائنس چیئر، حکومتِ ہند، ڈاکٹر راجر ہائی فیلڈ، ڈائریکٹر، سائنس، سائنس میوزیم گروپ، لندن، ڈاکٹر کنال سرکار، سینئر وائس چیئرمین و ڈائریکٹر، میڈیکا سپر اسپیشلٹی ہاسپٹل، ڈاکٹر مدھومیتا رائے، ہیڈ، چترنجن نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ، ڈاکٹر دیبانجن چکرورتی، ڈائریکٹر، برٹش کونسل مشرقی و شمال مشرقی بھارت، اے ڈی چودھری، ڈائریکٹر جنرل، NCSM، سمرندر کمار، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل، NCSM، انوراگ کمار، ڈائریکٹر، سائنس سٹی کولکتہ کے نام قابلِ ذکر ہیں۔
سائنس سٹی کولکتہ کے ڈائریکٹر جناب انوراگ کمار نے کہا کہ “یہ نمائش روزانہ صبح 9:30 بجے سے شام 6 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف تعلیمی اور انٹرایکٹو سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ عوام کو ویکسین کی افادیت سے آگاہ کیا جا سکے۔”
افتتاحی دن کولکتہ کے مختلف اسکولوں کے طلباء نے نمائش میں شرکت کی اور سیکھنے کے اس منفرد تجربے کا حصہ بنے۔