تاثیر 15 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 15 اپریل:سالانہ امرناتھ یاترا کے لیے آف لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز آج جموں سمیت ملک بھر کی مخصوص بینک شاخوں میں عقیدت و جوش کے ساتھ ہوا، جہاں عقیدت مندوں کی طویل قطاریں دیکھنے کو ملیں۔ ہر کوئی اس بات کا خواہاں نظر آیا کہ وہ پہلے قافلے کا حصہ بن کر بابا برفانی کے درشن کا شرف حاصل کرے۔بتا دیں کہ 38 روزہ یہ مقدس یاترا 3 جولائی سے دو مختلف راستوں پہلگام اور بالتل سے شروع ہوگی، جبکہ اختتام 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر ہوگا۔شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کی جانب سے 540 بینک شاخوں کو ملک بھر میں پیشگی رجسٹریشن کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جبکہ آن لائن رجسٹریشن کی سہولت پہلے ہی پیر کے روز سے فعال ہو چکی ہے۔یاترا میں شرکت کے لیے کچھ شرائط بھی مقرر کی گئی ہیں۔ 13 سال سے کم اور 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد، اور چھ ہفتے سے زیادہ کی حاملہ خواتین کو رجسٹریشن کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یاد رہے، گزشتہ سال 5.12 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے امرناتھ گپھا کے درشن کیے تھے، جو پچھلے 12 برسوں میں سب سے بڑی تعداد تھی۔ اس سال بھی بڑی تعداد میں یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔