تاثیر 12 اپریل ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 12 اپریل: پدم شری ایوارڈ یافتہ قبائلی رہنمادری پلی رمیہ کا ہفتہ کو تلنگانہ کے کھمم ضلع میں انتقال ہوگیا۔ انہیں ریڈی پلی گاؤں میں واقع اپنے گھر پر دل کا دورہ پڑا۔ ان کی عمر 87 برس تھی۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک کروڑ سے زیادہ پودے لگائے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے دری پلی رمیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ مودی نے انہیں پائیداری کے ایک علمبردار کے طور پر یاد کیا ،جنہوں نے اپنی زندگی لاکھوں درخت لگانے اور ان کی حفاظت کے لیے وقف کر دی۔
ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں پی ایم مودی نے لکھا،’’دری پلی رمیہ گارو کو پائیداری کے علمبردار کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے لاکھوں درخت لگانے اور اس کی حفاظت کے لیے اپنی زندگی وقف کردی۔ ان کی انتھک کوششیں فطرت کے لیے ان کی گہری محبت اور آنے والی نسلوں کی دیکھ بھال کی عکاسی کرتی ہیں۔ ان کا کام ہمارے نوجوانوں کو سرسبز کرہ ارض کی تعمیر میں ان کی کوششوں میںترغیب دیتا رہے گا۔دکھ کی اس گھڑی میں میرے جذبات اور احساسات ان کے اہل خانہ اور مداحوں کے ساتھ ہیں۔‘‘