بھارت اور پاکستان کے درمیان رات بھرجاری رہے فضائی حملے ، کئی میزائل حملے ناکام

تاثیر 10 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 10 مئی:بھارت اور پاکستان کے درمیان ہفتہ کی رات بھر فضائی حملے جاری رہے۔ پاکستان نے رات کے وقت گجرات، اودھم پور، انبالہ، پٹھان کوٹ اور جالندھر میں بھارتی فوجی اڈوں پر حملے کی کوشش کی لیکن بھارتی فضائی دفاعی نظام نے ان حملوں کو ناکام بنا دیا۔ اس کے جواب میں بھارت نے بھی پاکستان کے کئی ایئربیس پر کارروائی کی ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں چار ایئربیس کے قریب دھماکوں کی اطلاعات ہیں۔ جس کے بعد پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور ہر قسم کی پروازوں پر پابندی لگا دی ہے۔
دریں اثنا، سری نگر، جموں اور پنجاب کے کچھ سرحدی علاقوں میں بھارتی اور پاکستانی فضائیہ کے درمیان فضائی لڑائیاں ہوئیں۔ پاکستان نے گجرات، آدم پور، انبالہ، اودھم پور، پٹھانکوٹ اور جالندھر میں بھارتی فوجی اڈوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان نے فتح 2 اور فتح ون میزائل بھارت کی طرف داغے تاہم بھارتی فضائی دفاعی نظام نے ان میزائلوں کو آسمان میں ہی مار گرایا۔ پاکستان سے دہلی کی طرف داغے گئے فتح-2 میزائل کو سرسا (ہریانہ) میں روک دیا گیا۔
راجوری میں پاکستانی حملے میں زخمی ہونے والے ایک شہری کو آج علاج کے لیے اسپتال لایا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے سرینگر اور آس پاس کے علاقوں میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سسٹم کو فعال کر دیا ہے۔ پاکستانی گولہ باری سے جموں شہر کے شہری علاقوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جموں و کشمیر کے پونچھ علاقے میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ راجوری میں زور دار دھماکے کے بعد دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا اور علاقے میں مسلسل دھماکوں کے بعد مکانات اور املاک کو نقصان پہنچا۔