تاثیر 10 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں, 10 مئی: بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ہفتہ کے روز ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے جموں کے اکھنور کے سامنے پاکستان کے علاقے لونی (ضلع سیالکوٹ) میں قائم دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی سرحد پر کی گئی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں کی گئی۔بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق جمعہ کی شب 9 بجے پاکستان نے جموں سیکٹر میں بی ایس ایف کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کا آغاز کیا، جس کے جواب میں بھارتی فورسز نے بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔ترجمان نے بتایا کہ جوابی کارروائی میں پاکستان رینجرز کی چوکیوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، جب کہ لونی کے مقام پر واقع دہشت گرد لانچ پیڈ کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔بی ایس ایف نے واضح کیا کہ بھارت کی سرحدی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اس کا عزم غیر متزلزل ہے، اور ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔