ہند۔پاک کشیدگی کے درمیان پورے اتر پردیش میں ہائی الرٹ

تاثیر 9 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 9 مئی: آپریشن سندور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پورے اتر پردیش میں چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ اتر پردیش سے متصل ریاستوں کی سرحدوں پر فورس الرٹ ہے۔ اس کے ساتھ ہی یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ سمیت ریاست کے تمام ہوائی اڈوں پر سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور ریلوے اسٹیشنوں پر بھی چیکنگ مہم چلائی جارہی ہے۔ اس کے پیش نظر حکومت نے تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش ہائی الرٹ موڈ پر ہے۔ یوپی کے دارالحکومت لکھنؤ کے علاوہ کانپور، گورکھپور، ایودھیا، وارانسی، متھرا، آگرہ سمیت تمام اضلاع کے پولیس کپتانوں اور کمشنروں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام ایئرپورٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پرشانت کمار نے پہلے ہی نیپال کی سرحد سے متصل تمام اضلاع میں چوکسی بڑھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس کے بعد سے ریاست کی تمام سرحدوں پر سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ پولیس افسران فورس کے ساتھ ہوٹلوں، ریلوے اسٹیشنوں، بس اسٹینڈز اور عوامی مقامات پر چیکنگ کررہے ہیں۔ پولیس آبادی والے اضلاع میں بھی سخت نگرانی کر رہی ہے۔