غزہ سے یرغمالیوں کو جلد از جلد نکالنے کیلئے کام کر رہے: امریکی صدر

تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

واشنگٹن،02مئی:ٹرمپ نے جنوری میں صدارت سنبھالنے سے پہلے اور اس کے بعد حماس کو دھمکی دی تھی کہ غزہ میں تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔اب امریکی صدر نے کہا ہے کہ ہم غزہ سے یرغمالیوں کو جلد از جلد نکالنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ یاد رہے ٹرمپ نے جنوری میں صدارت سنبھالنے سے پہلے اور اس کے بعد حماس کو دھمکی دی تھی کہ غزہ میں تمام یرغمالیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ تاہم امریکی صدر نے غزہ کی پٹی میں کسی امریکی فوجی موجودگی کا کوئی اشارہ نہیں دیا تھا۔
قیدیوں کے معاملے پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے جمعرات کو کہا ہے کہ حماس کی شکست 59 قیدیوں کی رہائی سے زیادہ اہم ہے۔ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے پر جاری مذاکرات کے درمیان اسرائیلی چیف آف سٹاف ایال زامیر نے جمعرات کو دھمکی دی ہے کہ ضرورت پڑنے پر غزہ میں کارروائیوں کی شدت میں جلد ہی اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اس سے قبل ایال زامیر نے حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنانے میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں غزہ میں ایک وسیع فوجی آپریشن شروع کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ دوسری طرف اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے بھی حال ہی میں اسی طرح کی دھمکیوں کو دہرایا اور کہا ہے کہ حماس جتنی دیر تک یرغمالیوں کو زیر حراست رکھے گی، اسرائیلی حملوں کی شدت اتنی ہی زیادہ ہوگی۔