تیجسوی کے دوسری بار باپ بننے پر لالو کے خاندان میں خوشی کا جشن

تاثیر 27 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 27 مئی: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو ایک بار پھر باپ بن گئے ہیں۔ ان کی اہلیہ راج شری نے پیر کو کولکاتا کے ایک نجی اسپتال میں بیٹے کو جنم دیا۔ یہ جانکاری تیجسوی یادو نے منگل کی صبح سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔
اپنی پوسٹ میں تیجسوی نے لکھا، “گڈ مارننگ! انتظار آخرکار ختم ہو گیا! اپنے چھوٹے بیٹے کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بہت شکر گزار اور خوش ہوں۔” انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ اپنے بیٹے کی تصویر بھی شیئر کی۔یہ خبر آتے ہی مبارکبادوں کا سیلاب امڈ آیا۔ تیجسوی کی بہن روہنی آچاریہ نے سوشل میڈیا پر اپنے بھائی کو دوبارہ باپ بننے پر اور لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کو دوبارہ دادا دادی بننے پر مبارکباد دی۔
تیجسوی یادو اور راج شری کی شادی دسمبر 2021 میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد مارچ 2023 میں ان کے پہلے بچے، ایک بیٹی کی پیدائش ہوئی۔
تیجسوی یادو کی اہلیہ راج شری گزشتہ چند دنوں سے کولکاتا کے ایک اسپتال میں داخل تھیں۔ اس دوران تیجسوی ان کے ساتھ موجود رہے۔ اتوار کو لالو پرساد یادو، ان کی اہلیہ رابڑی دیوی اور بیٹی میسا بھارتی بھی کولکاتا پہنچ گئے۔