شرد پوار نے آپریشن سندور کے اقدام کو بروقت اور موزوں قرار دیا

تاثیر 7 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 7 مئی:جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کا سخت جواب دیتے ہوئے بدھ کے روز بھارتی فوج نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان میں موجود دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔ اس کارروائی میں پاکستان کے اندر 4 اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں 5 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی معلومات کی بنیاد پر انجام دی گئی، جس کے نتیجے میں لشکر طیبہ اور جیش محمد کے مراکز پر کاری ضرب لگائی گئی۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما شرد پوار نے اس کارروائی پر حکومت اور فوج کو مبارکباد دی ہے۔
شرد پوار نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کشمیر میں جو واقعہ پیش آیا، اس کے بعد ملک میں غم و غصہ کی فضا قائم ہو گئی تھی۔ 27 بے گناہ افراد کو بے رحمی سے ہلاک کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حملہ زیادہ تر ان دہشت گرد کیمپوں پر مرکوز تھا جو پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں قائم ہیں، جہاں نہ صرف اسلحہ اور شراب کا ذخیرہ ہوتا ہے بلکہ پاکستان کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت نے سرحد عبور نہیں کی بلکہ صرف فضائی طاقت کا استعمال کیا، جو بھارت کی پختہ پالیسی کو ظاہر کرتا ہے۔