تاثیر 2 مئی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
صنعاء،02مئی:العربیہ کے ذرائع کے مطابق جمعرات کی شب یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملے دوبارہ شروع ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکی طیاروں نے المحویت کے علاقے ملحان میں واقع حوثیوں کے ایک تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق صنعاء کے علاقے براش میں بھی ایک فوجی کیمپ پر امریکی حملہ کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں حوثیوں کے فضائی دفاع کے ماہرین اور اعلیٰ قیادت کے افراد ہلاک یا زخمی ہوئے۔العربیہ کے ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی حملوں کا دائرہ عمران صوبے تک پھیل گیا اور وہاں بھی حوثی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔اسی طرح المحویت کے مختلف علاقوں میں بھی امریکی جنگی طیاروں نے حوثیوں کے ٹھکانوں پر بم باری کی۔حوثی میڈیا نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکی حملوں نے عَصِر، ہَمدان اور جبل عطان (جو صنعاء کے مغرب میں واقع ہے) کے علاقوں میں موجود ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔اس سے قبل جمعرات کو العربیہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ امریکی طیاروں نے صعدہ کے اطراف میں واقع حوثیوں کے اسلحہ کے گوداموں پر 5 حملے کیے۔اس کے علاوہ، الحدیدہ صوبے کے ضلع الحوک میں بھی حوثیوں کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی کارروائی کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ یہ حملے یمن کے چار مختلف صوبوں میں کیے گئے۔

