تاثیر 27 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
چنڈی گڑھ، 27 جون:پنجاب کے ترن تارن اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے ڈاکٹر کشمیر سنگھ سہل کا جمعہ کو انتقال ہو گیا۔ سہل گزشتہ چند دنوں سے علیل تھے۔ جمعرات کو انہیں امرتسر کے ایک پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آج ان کا انتقال ہوگیا۔
کشمیر سنگھ سہل نے سال 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں اکالی دل کے ہرمیت سنگھ سندھو کو 13 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی تھی۔پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے سہل کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام آدمی پارٹی کے جدوجہد کرنے والے اور لڑنے والے رہنما تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایشور ان کی روح کو سکون دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر امن اروڑہ اور دیگر کئی کابینہ وزراء نے بھی سہل کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔