بیت المال ٹکیہ پاڑہ کا تعلیمی جشن

تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ہوڑہ، 17/ جون (شاداب خسرو) ملی،سماجی اور علمی خدمات پر مامور ہوڑہ کا قدیم ادارہ بیت المال ٹکیہ پاڑہ نے زبان و مذہب اور نسلی تعصب میں جھلستے آج کے سماج کو اپنے تعلیمی جشن میں انسانیت کا پیغام دیتے ہوئے بلا لحاظ زبان و مذہب مدھیامک اور ہائیر سکینڈری میں کامیاب ہونے والے اسکول ٹاپر طلبہ و طالبات کو اعزاز سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔
سرد احمد ہائی اسکول کے کشادہ ہال میں بیت المال ٹکیہ پاڑہ کے صدر الحاج جلال الدین اور سکریٹری الحاج ڈاکٹر علی اکبر اپنے تمام اراکین کے ساتھ ٹاپر بچوں اور ان کے والدین کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر علی اکبر نے کہا کہ ادارہ ملی فلاحی کام میں اپنی بساط بھر بہتر سماج کی کوشش میں مصروف عمل ہے ۔ بیواؤں کو ماہانہ وظیفہ ،ضرورت مند کنواری بچیوں کی شادی میں تعاون، ضرورت مند طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لئے مالی مدد، مدھیامک امتحان سے قبل بچوں کی کونسلنگ اور کامیابی کے بعد بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام و اکرام کا بندوبست اپنے محدود مالی وسائل کے باوجود برسوں سے جاری رکھے ہوئے ہے جو ایک تعلیمی جشن کے طور پر ہو رہا ہے۔
اس پروگرام میں ریاستی وزیر اروپ رائے، ہوڑہ کارپوریشن کے چئیرمن ڈاکٹر سجئے چکرورتی، سابق چیئرمین ویسٹ بنگال پبلک سروس کمیشن ڈاکٹر پروفیسر منصور عالم، سابق کونسلر الحاج محمد سلیم، سماجی و ملی خدمت گار شیخ اسلام الدین لالہ، حاجی صلاح الدین خان، معروف سماجی خدمت گار ڈاکٹر محمد کلام الدّین، سابق کونسلر عصمت آرا بیگم کے علاوہ علاقے کے بیشتر علمی، ادبی اور سماجی شخصیات موجود تھیں اور سبھوں نے اس کام کی سراہنا کی ہے۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں اراکین جاوید نعیم، ماسٹر اشفاق، الحاج محمد اقبال، پرویز احمد، الحاج مختار، حاجی محترم جاوید، محمد شمیم عالم ، حسنین عباس، پرویز عالم ،حاجی صلاح الدین، حاجی محمد نظام الدین و دیگر نے انتھک کوشش کی ہے۔ ادارے کی طرف سے مدھیامک اور ہائیر سیکنڈری ہندی اردو بنگلہ اور انگلش میڈیم اسکولوں کے مجموعی 47 اسکول ٹاپروں کو نوازا گیا۔ ادارے اور پروگرام کے صدر حاجی جلال الدین نے تمام شرکاء کا شکریہ اداکیا۔