تاثیر 20 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
جموں، 20 جون: وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز جموں کے کنال روڈ پر عوامی خدمات اور رسائی کے لیے قائم کیے گئے ’رابطہ‘ آفس کا افتتاح کیا، جس کا مقصد عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے، شفاف طرزِ حکمرانی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلوں کے ذریعے بہتر عوامی رابطہ استوار کرنا ہے۔
یہ جموں و کشمیر میں اپنی نوعیت کا دوسرا دفتر ہے۔ اس سے قبل نومبر 2022 میں پہلا ’رابطہ‘ آفس سرینگر میں قائم کیا گیا تھا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے حکومت اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط کیا جائے گا، تاکہ عوامی مسائل کا بروقت اور سنجیدہ حل ممکن ہو سکے۔
افتتاح کے موقع پر نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے۔ عمر عبداللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفتر عوامی مسائل کے حل کے لیے کھولا گیا ہے۔ یہاں متعلقہ افسران تعینات ہوں گے جو براہِ راست عوام سے رابطہ رکھ کر ان کے مسائل کو سنیں گے اور ان کا ازالہ کریں گے۔ نائب وزیراعلیٰ سریندر چودھری نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کو عوام سے قریب تر لانے کا ایک عملی مظہر ہے۔