تاثیر 17 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
وارانسی، 17 جون : ضلع میں تقریباً پندرہ دن تک شدید گرمی کی لہر اور ہیٹ ویو (لٗو)کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنے کے بعد پیر کی آدھی رات کے بعد لوگوں کو کچھ راحت ملی۔ رات گئے سے ہونے والی بوندا باندی اور بارش کے بعد آدھی رات کے بعد بادل خوب برسے۔ منگل کی صبح کی شروعات بھی ہلکی بارش کے ساتھ ہوئی۔ ہلکی پری مانسون بارش کے بعد دن میں نمی کی وجہ سے لوگ پریشان ہوگئے۔ حالانکہ صبح کی بارش صرف ضلع کے کچھ حصوں میں ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق مانسون 23 جون تک وارانسی میں داخل ہوسکتا ہے۔ مانسون 18 جون کو گورکھپور سے اتر پردیش میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ کی طرف سے پیر تک جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق وارانسی میں 16 دنوں میں صرف 1.6 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ وارانسی کے علاوہ مشرقی یوپی کے اضلاع میں 64 فیصد کم بارش ہوئی ہے۔ عام طور پر 30 ملی میٹر بارش کی توقع تھی جبکہ صرف 11 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

