تاثیر 1 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
لکھنؤ، یکم جون : بہوجن سماج پارٹی کی قومی صدر مایاوتی نے کہا ہے کہ اتر پردیش کے نئے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے میں ایک بڑا چیلنج درپیش ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حکومت نے ہفتہ کی رات اس وقت کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) پرشانت کمار کے ریٹائر ہونے کے بعد آئی پی ایس راجیو کرشنا کو قائم مقام ڈی جی پی کے طور پر مقرر کیا ہے۔
اس پر بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی قومی صدر مایاوتی نے حکومت پر سخت حملہ کیا ہے۔ اس معاملے میں بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اتوار کو انسٹاگرام پر تین پوسٹس کیں۔ پہلی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں سے خاص طور پر اتر پردیش میں جاگیردار اور جرائم پیشہ عناصر کا غلبہ ہے۔ ذات پات اور فرقہ وارانہ منافرت، تشدد، ناانصافی اور جبر، لوگوں کی نقل مکانی وغیرہ ثابت کرتے ہیں کہ یہاں قانون کی حکمرانی ٹھیک سے کام نہیں کر رہی ہے۔