یوگا صرف جسمانی طور پر ہی نہیں بلکہ ذہنی طور پر بھی جوانوں کو مضبوط بناتا ہے: وزیر دفاع

تاثیر 21 جون ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

جموں, 21 جون: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ یوگا نہ صرف جسمانی طور پر بلکہ ذہنی طور پر بھی فوجی جوانوں کو مضبوط بناتا ہے، اور انہیں ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کا اثر میدانِ جنگ میں بھی واضح طور پر نظر آتا ہے۔وزیر موصوف نے اُدھم پور میں شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر پر بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر منعقدہ ایک بڑے یوگا مظاہرے سے خطاب کیا۔جس میں 2,500 سے زائد فوجیوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر فوجی سربراہ جنرل اپیندر دویدی اور ناردرن کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما بھی موجود تھے۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے دشوار گزار سرحدی علاقوں میں بھی یوگا سیشنز منعقد کیے گئے، جہاں فوجی اہلکاروں نے جوش و جذبے کے ساتھ یوگا میں حصہ لیا، جو ان کی صحت و تندرستی سے جڑے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
راج ناتھ سنگھ نے مسلح افواج کے اہلکاروں میں یوگا کے بڑھتے رجحان کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوگا نظم و ضبط، ارتکاز اور اندرونی توازن کو بہتر بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا سپاہی کو جسمانی اور ذہنی لحاظ سے نہ صرف تیار کرتا ہے، بلکہ میدانِ جنگ میں اسے بہتر فیصلے لینے اور دباؤ میں بھی پرسکون رہنے کا ہنر عطا کرتا ہے۔