تیز رفتار موٹر سائیکل ٹرک سے ٹکرائی، ایک کی موت، دوسرا زخمی

تاثیر 21 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

ارریہ(رقیہ آفرین) ارریہ-بہادر گنج نیشنل ہائیوے327 ای پر کاکن ٹول ٹیکس سے 300 میٹر دور اتوار کی رات تقریباً 8:30 بجے سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں نوجوان موٹر سائیکل پر ٹول ٹیکس کی طرف جارہے تھے۔ موٹر سائیکل اسی سمت میں تیز رفتاری سے جا رہے ٹرک کے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں موٹر سائیکل سوار سڑک پر گر گئے۔ اور موقع پر ہی موٹر سائیکل ڈرائیور بہار الدین عرف بہرو (45)ولد مرحوم حاجی جلیل ساکن شیرلنگھا وارڈ نمبر 14 پنچایت کاکن دم توڑ گئے جبکہ اس کے ساتھ موٹر سائیکل سوار منظر عالم کو شدید زخمی حالت میں صدر ہسپتال ارریہ لے جایا گیا۔ وہاں سے بھی بہتر علاج کے لیے پورنیہ ہائر سنٹر ریفر کردیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور نے ٹول ٹیکس ادا کیا اور تیز رفتاری سے مشرق کی طرف روانہ ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جوکی ہاٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے تباہ شدہ موٹر سائیکل کو قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لے جایا گیا لیکن لواحقین کے پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کرنے پر نعش کو بنا پوسٹ مارٹم کے ہی ورثاء کے حوالے کر دیا۔ وہیں حادثہ سے متوفی کے گھر میں کہرام مچ گیا ہے۔