جامع مسجد غریب نواز بلتھی رسول میں “ذکرِ شہیدِ اعظم” محفل کا انعقاد

تاثیر 7 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

مظفرپور:7/ جولائی(نمائندہ)محرم الحرام کے بابرکت مہینے میں جامع مسجد  غریب نواز بلتھی رسول  میں “ذکرِ شہیدِ اعظم” کے عنوان سے ایک عظیم الشان روحانی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس بابرکت نشست میں مختلف علمائے کرام، قراء اور نعت خوان حضرات نے شرکت فرمائی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، جو کہ محترم مولانا شہنواز عارفی صاحب نے نہایت خوش الحانی کے ساتھ فرمایا، جس سے محفل میں روحانیت کا نور پھیل گیا۔بعد ازاں معروف نعت خواں جناب نظیر احمد کلکتوی صاحب نے حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور شہید اعظم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نعت و منقبت کی صورت میں پیش کیے، جس سے سامعین کے دل جھوم اٹھے۔پروگرام کی مرکزی تقریر حضرت علامہ مولانا عرفان علیمی صاحب قبلہ نے فرمائی۔ انہوں نے امام حسین رضی اللہ عنہ کی سیرت اور کربلا کے پیغام پر نہایت مدلل، بصیرت افروز اور درد انگیز خطاب کیا۔ ان کی تقریر نے حاضرین کے دلوں کو جھنجھوڑ دیا اور امام عالی مقام کی قربانی کو یاد کر کے حاضرین کی آنکھیں نم ہو گئیں۔اس موقع پر حضرت مولانا محمد ثاقب علیمی صاحب  نے بھی شہادتِ امام حسین رضی اللہ عنہ پر ایک پُراثر خطاب فرمایا۔ انہوں نے نہ صرف امام حسینؓ کی سیرت بیان کی بلکہ کربلا کے واقعے سے جو اخلاقی و دینی اسباق ملتے ہیں، ان پر بھی روشنی ڈالی۔اس کے بعد صفہ ایجوکیشن سینٹر کے استاذ ،مفتی شہنواز عالم عارفی صاحب نے  امام حسین علیہ السلام کی بچپن کی زندگی پر بھرپور گفتگو کیا۔
پروگرام میں علاقے کے عوام، طلباء، علمائے کرام، اور سامعین نے  بڑی تعداد میں شرکت کی اور آخر میں امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد میں صلات و سلام اور دعاؤں پر محفل کا اختتام ہوا۔