تاثیر 16 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 16 جولائی:مہاراشٹر ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بدھ کو مہاوکاس اگھاڑی کے ارکان اسمبلی نے شیو سینا (شندے) کے ایم ایل اے سنجے گائکواڑ کے خلاف انوکھا احتجاج کیا۔ انہوں نے لنگی اور بنیاں پہن کر کینٹین ملازم پر حملے کے خلاف برہمی کا اظہار کیا اور حکومت کی بے حسی پر سوال اٹھایا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اگر عوامی نمائندے عام شہریوں کو بھی نہیں بخش رہے تو عوام کی حفاظت کی ضمانت کیسے دی جا سکتی ہے۔
اس احتجاج کی قیادت قانون ساز کونسل میں قائد حزب اختلاف امباداس دانوے نے کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمراں پارٹی کے ایم ایل اے سنجے گائکواڑ نے ایم ایل اے ہاسٹل کی کینٹین میں محض تولیہ اور بنیان میں داخل ہوکر کھانے کے معیار پر اعتراض کرتے ہوئے ایک ملازم کو زدوکوب کیا، جس کے بعد کینٹین عملے نے خدمات روک دیں۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی مداخلت پر کینٹین دوبارہ کھولی گئی، مگر واقعہ پر کارروائی نہیں ہوئی۔

