تاثیر 4 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 4 جولائی:فٹ انڈیا موومنٹ کے تحت منعقد ہونے والے ’فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ کے 30ویں ایڈیشن کا انعقاد 6 جولائی (اتوار) کو ملک بھر میں 6000 سے زیادہ مقامات پر کیا جائے گا۔ اس بار اس میں ریزیڈنٹ ویلفیئر ایسوسی ایشنز کی شرکت کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس ایک روزہ فٹنس مہم میں، 50,000 سے زیادہ شرکا ملک بھر میں سائیکل چلائیں گے اور ایک صحت مند، آلودگی سے پاک اور موٹاپے سے پاک ہندوستان کے عزم کو آگے بڑھائیں گے۔
مرکزی تقریب دہلی کے میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم سے صبح 7 بجے شروع ہوگی۔ یہاں سے سائیکل سوار انڈیا گیٹ سی ہیکساگون سے ہوتے ہوئے وجے چوک جائیں گے اور پھر میجر دھیان چند اسٹیڈیم واپس آئیں گے۔ اس مہم کا آغاز دسمبر 2024 میں نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہر اتوار کو ہزاروں مقامات پر یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے اور ہر ہفتے 50 ہزار سے زائد لوگ اس میں شرکت کر رہے ہیں۔