حج، 2026 کے لئے ایک فل پروف منصوبہ

تاثیر 10 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن

پوری دنیا سےہر سال لاکھوں عازمینِ حج مکہ مکرمہ اور مدینتہ المنورہ کا رخ کرتے ہیں۔یہ ان زندگی کا مقدس ترین سفر ہوتا ہے۔’دیار حبیب ‘  کایہ سفر نہ صرف روحانیت بلکہ جذباتیت سے بھی بھرا ہوتا ہے۔ایسے میں چھوٹی موٹی پریشانیوں کو در گزر کرتے ہوئے اپنے سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے جذبے سے سرشار، بھارت سے بھی ہزاروں عازمین اس عظیم فریضے کی ادائیگی کے لئے روانہ ہوتے ہیں۔ اس عمل کو منظم کرنے کی ذمہ داری بھارت کی حج کمیٹی سنبھالتی ہے۔ حج 2025، جو 64 عازمین کی وفات کے باوجود ‘سب سے کامیاب حج’ قرار دیا گیاہے۔حج، 2025  کے دامن نے کامیابیوں کے ڈھیر سارے پھول سمیٹے ہوئے ہیں۔حالانکہ اس میں کہیں کہیں مشکلات کے کانٹے بھی دیکھے گئے ہیں۔ اب جبکہ بھارت کی حج کمیٹی نے حج 2026 (1447 ہجری) کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں، یہ وقت ہے کہ گزشتہ تجربات کو سبق کے طور پر لیتے ہوئے، اگلے حج پروگرام کو فل پروف بنایا جائے، تاکہ عازمین کو کسی بھی طرح پریشانی سے دوچار نہیں ہونا پڑے۔
حج، 2025 میں ڈیجیٹل رجسٹریشن، پاسپورٹ ویریفکیشن، تربیتی کیمپ، اور رہائشی سہولیات کے بہتر انتظامات نے کامیابی کے رنگ بکھیرے، لیکن کچھ مسائل بھی سامنے آئے۔ مثلاََ فلائٹس میں تاخیر، رہائش کے معیار پر سوالات، کھانے پینے کی شکایات، اور کچھ علاقوں میں حج معاونین کی کمی نے عازمین کے سفر کو قدرے مشکل بنایا۔ اس کے علاوہ، حج 2025 کے دوران رہنمائی اور تربیت کی کمی نے بھی کچھ عازمین کو مشکلات میں ڈالا۔ ان سب کے مدنظر ، حج کمیٹی کو اب آگے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی مرتب کرنی ہوگی۔
حج، 2026 کےلئے حج کمیٹی نے 26 جون، 2025 کو ایک سرکلر جاری کیا تھا۔سرکلر میں اعلان کیا گیا ہےکہ درخواست فارم آن لائن  (www.hajcommittee.gov.in) اور ’حج سویدھا ‘  ایپ پر جولائی،  2026 کی دوسری ہفتے سے دستیاب ہوگا۔ عازمین کو 1.5 لاکھ روپے کی ابتدائی قسط جمع کرانے اور مشین سے پڑھنے کے قابل، 31 دسمبر، 2026 تک ویلڈ پاسپورٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔’ نسک مسار پورٹل‘ کے مطابق، نئے درخواست دہندگان کے لئے سرنیم (نام کا آخری لفظ ) کی جگہ کوخالی نہیں  چھوڑنے کی شرط بھی شامل ہے۔ واضح ہو کہ  یہ’نسک مسار پورٹل‘ برائے حج، 2025 سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے متعارف کرایا گیا ایک آن لائن پلیٹ فارم ہے ،جو حج ,2025  کے دوران، متعلقہ انتظامات کو آسان بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ یہ پورٹل عازمین حج کے لئے رجسٹریشن، ویزا پروسیسنگ، رہائش، ٹرانسپورٹ، اور دیگر خدمات کو ایک جگہ پر فراہم کرتا ہے تاکہ حج کا سفر منظم اور سہل ہو سکے۔’نسک مسار پورٹل ‘کے سال 2026کے حج کے لئے بھی کارگر ہونے کا امکان ہے، کیونکہ سعودی عرب کی متعلقہ وزارت نے اس پورٹل کو حج اور عمرہ کے انتظامات کے لیے ایک مستقل اور جامع ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کیا ہے۔ حال ہی میں جنوری ,2025 میں اس کا اپ ڈیٹ ورژن لانچ کیا گیاہے۔اس میں 100 سے زائد نئی خدمات شامل کی گئی ہیں، جو حج اور عمرہ زائرین کےلئے سہولیات کو مزید بہتر بناتی ہیں۔ظاہر ہےیہ  اچھی شروعات ہیں، لیکن انھیں زمینی حقائق سے جوڑنا بھی لازمی ہے۔
رہائش،  ٹرانسپورٹ، اور رہنمائی کے نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ سعودی حکام کے ساتھ مل کر ایسی رہائش گاہیں یقینی بنائی جائیں، جو صاف ستھری،  ہوا دار اور آرام دہ ہوں۔ بسوں کی تعداد اور شیڈول کو بھی منظم کرنے کی ضرورت ہوگی۔ویسے تربیت یافتہ حج معاونین کی تعداد میں اضافہ بھی ضروری ہے، جو زبان اور ثقافت سے واقف ہوں۔ ڈیجیٹل ایپ یا پورٹل کے ذریعے ریئل ٹائم معلومات اور ہنگامی رابطے کے نمبر فراہم کرنے سے عازمین حج کو سہولت ملے گی۔ تربیتی پروگراموں میں گرمی سے بچاؤ اور ہجوم سے نمٹنے کی تربیت ضرور شامل ہونی چاہئے۔ویسے اس سلسلے بھارت کی حج کمیٹی کو عازمین 2025 کے حجاج کرام کے مشورے سے ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرنی چاہئے، جس سے حج،  2026 کےلئےلئے بہترین روڈ میپ تیار کیا جا سکے۔ مثال کے طور پر، فلائٹ تاخیر کے مسائل کو کم کرنے کے لئے ایئرلائنز کے ساتھ بہتر معاہدے، اور رہائش کے معیار کے لئے سخت شرائط شامل کی جائیں۔ اس کے علاوہ، درخواست دہندگان کو پاسپورٹ، ویکسینیشن، اور مالی انتظامات کے لئے بروقت معلومات دی جائیں، تاکہ وہ پہلے سے اس کے لئےتیار رہ سکیں۔مجموعی طور پر،بھارت کی حج کمیٹی 2025 کے تجربات کی بنیاد پر حج، 2026 کو فل پروف بناکر عازمین کےاس عظیم سفر کو روحانی خوشیوں سے ہمکنار کرکے خوشگوار اور بے فکر بنا سکتی ہے۔ان شاء اللہ اگر ایسا ہوا تو یہ نہ صرف اس سے عازمین حج کا اعتماد بڑھے گا بلکہ حج کمیٹی کے وقار میں بھی اضافہ ہوگا۔
***************