تاثیر 9 جولائی ۲۰۲۵:- ایس -ایم- حسن
غازی آباد، 9 جولائی: مودی نگر میں منگل کی رات دہلی-میرٹھ ہائی وے پر ایک کار کی ٹکر سے کانوڑ ٹوٹ جانے سے مشتعل کانوڑیوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ کانوڑیوں نے کار ڈرائیور کو مارا پیٹا اور گاڑی کی توڑ پھوڑ کر کے سڑک جام کر دی۔ پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مشتعل کانوڑیوں کو پرسکون کروایا۔
منگل کی رات مودی نگر کے راج چوپال علاقے میں ہریدوار سے گنگا جل لے کر انوج، اوم اور ہرکیش اور دیگر کانوڑیے میوات اور راجستھان جا رہے تھے۔ تب ہی ایک تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی جس کی وجہ سے ان کا کونوڑ ٹوٹ گیا۔ مشتعل کانوڑیوںنے گاڑی روک کر توڑ پھوڑ شروع کردی اور ڈرائیور کے ساتھ مارپیٹ کی۔
ہنگامہ بڑھتے دیکھ کر مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ اتنا ہی نہیں کانوڑیوں نے دہلی -میرٹھ سڑک جام کردی جس کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی لمبی لائن لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور کانوڑیوں کو سمجھایا۔ پولیس نے زخمی کار ڈرائیور کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا۔ جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔

